ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / روسی ایتھلیٹس کی پہلی پرواز برازیل کے لیے روانہ

روسی ایتھلیٹس کی پہلی پرواز برازیل کے لیے روانہ

Thu, 28 Jul 2016 19:50:35    S.O. News Service

ماسکو، 28؍جولائی(آئی این ایس انڈیا )روس کی اولمپک ٹیم کے70ارکان ریو اولمپکس میں شرکت کے لیے ماسکو سے برازیل کے لیے روانہ ہو گئے ہیں جبکہ باقی ڈوپنگ کی وجہ سے پابندی کے تحت گھر پر ہی رہیں گے۔روس کی والی بال، ہینڈ بال، باکسنگ، سنکرونائزڈ تیراکی اور ٹیبل ٹینس کی ٹیموں کو جمعرات کو برازیل کے لیے روانہ کیا گیا۔انسداد ڈوپنگ کے ادارے کا مطالبہ ہے کہ روس کی ان کھیلوں میں شرکت پر مکمل پابندی عائد کی جائے لیکن اولمپکس کی بین الاقوامی کمیٹی نے یہ فیصلہ انفرادی طور پر ہر کھیل کی اپنی فیڈریشن پرچھوڑا ہے۔اولمپک کمیٹی کے فیصلے پر انسداد ڈوپنگ کے ادارے کے سربراہ اولیور نِگلی کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ ان کاکہنا تھا کہ اس اقدام کا مطلب ہے کہ صاف ریکارڈ والے ایتھلیٹس کے لیے کوئی تحفظ نہیں ہے۔روس کا ارادہ ہے کہ وہ اپنے کم از کم 387کھلاڑی ریو بھیجے گا تاہم ان میں سے100پر اب تک ڈوپنگ کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی ہے۔ٹیموں سے نکالے جانے والے 68میں سے 67ایتھلیٹس ہیں۔بعض فیڈریشنز نے روسی کھلاڑیوں پر مکمل جب کہ کچھ نے جزوی پابندی عائد کی ہے تاہم بعض نے روسی کھلاڑیوں کو شرکت کے لیے اجازت دے دی ہے۔ ابھی کئی کے بارے میں فیصلہ ہوناباقی ہے۔روسی صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے روسی ایتھلیٹس کونشانہ بنانے کے لیے جان بوجھ کر مہم چلائی گئی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ روسی حریفوں کی غیر موجودگی میں ریو میں جیتے جانے والے میڈلز اپنی قدر کھو دیں گے۔


Share: